وزیراعظم کو معطل کر کے نااہل قرار دینے سے متعلق درخواست سپریم کورٹ میں دائر

وزیراعظم کو معطل کر کے نااہل قرار دینے سے متعلق درخواست سپریم کورٹ میں دائر

اسلام آباد: میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں محمود اختر نقوی کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو معطل کر کے نااہل قراردینے سے متعلق آئینی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔ درخواست میں نواز شریف کے بچوں، کیپٹن صفدر، اسحاق ڈار، طارق شفیع سمیت الیکشن کمیشن، سیکریٹری خزانہ، چیئرمین نیب، گورنراسٹیٹ بینک، چیئرمین نیشنل بینک کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف جے آئی ٹی کی رپورٹ میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے پائے گئے۔ انہوں نے عوامی عہدوں کا فائدہ اپنے آپ اور بچوں کو دیا۔ نواز شریف نے دور اقتدار میں اپنے کاروبار کو پروان چڑھایا جب کہ اثاثے اندرون اور بیرون ملک بنائے جو بچوں کے نام منتقل کئے۔

درخواست کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ میں وزیراعظم کے تمام اثاثوں بارے وضاحت درج ہے۔ نواز شریف اور ان کے بچوں کے اثاثے ذرائع آمدن سے زیادہ پائے گئے۔ کیپٹن صفدر، اسحاق ڈار نے بھی ناجائز طریقہ کار سے دولت میں اضافہ کیا۔ نواز شریف اور فیملی نے سپریم کورٹ میں غلط اور جعلی دستاویز جمع کرائیں جب کہ عدالت جعلی ڈگری کیس میں غلط معلومات فراہمی پر نو ایم این ایز کو نااہل قرار دے چکی ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ نواز شریف کو درخواست پر فیصلے تک عہدے سے معطل کیا جائے جب کہ انہیں عدالت کے ساتھ غلط بیانی کرنے پر اور جے آئی ٹی رپورٹ کی بناء پر نااہل قرار دیا جائے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں