سعودی عرب ، القطیف میں حملوں میں ملوث چار انتہا پسندوں کے سرقلم

سعودی عرب ، القطیف میں حملوں میں ملوث چار انتہا پسندوں کے سرقلم

ریاض:سعودی عرب کے مشرقی صوبے القطیف میں دہشت گردی کے مختلف حملوں میں ملوث چار مجرموں کے سرقلم کر دیے گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں ان چاروں مجرموں کے سرقلم کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

ان مجرموں کے نام امجد ناجی حسن آل معیبد ،زاہر عبدالرحیم البصری ،یوسف علی المشیخص اور مہدی محمد حسن الصایغ ہیں ،ایک سعودی عدالت نے ان چاروں مجرموں کو القطیف میں سنہ 2011ءکے بعد دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات میں قصور وار قرار دے کر موت کی سزا سنائی تھی۔

البصری اور اس کے تینوں ساتھیوں پر سعودی محافظوں پر فائرنگ ،تاروت پولیس اسٹیشن پر خود کار ہتھیاروں اور دھماکا خیز مواد سے حملے اور سکیورٹی فورسز کے مختلف یونٹوں پر حملوں کے الزامات میں فرد جرم عاید کی گئی تھی۔