نواز شریف اور ان کی بیٹی کی گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل

نواز شریف اور ان کی بیٹی کی گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل
کیپشن: نواز شریف اور ان کی بیٹی کی گرفتاری کیلئے نیب نے دو ہیلی کاپٹرز کا انتظام کر لیا۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جمعہ کو وطن واپسی کے موقع پر گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اس ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر قومی احتساب بیورو (نیب) امجد علی اولکھ کریں گے۔ ٹیم میں نیب کے 9 افسران اور باقی پولیس افسران شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق یہ ٹیم نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرے گی۔ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم تمام کارروائی کی نگرانی کریں گے۔ نیب آفس میں سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہے۔

 

مزید پڑھیں: بڑی سیاسی جماعتوں کی مہنگی ترین میڈیا مہم نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں
 

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب نے دو ہیلی کاپٹرز کا انتظام کر لیا ہے اور کابینہ ڈویژن نے دو ہیلی کاپٹرز جمعہ کے روز نیب کو مختص کر دیے ہیں۔

ایک ہیلی کاپٹر لاہور اور دوسرا اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھڑا کیا جائے گا۔ کسی بھی ایئرپورٹ پر اترتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ نیب نے ہیلی کاپٹرز کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست کی تھی اور وزارت داخلہ کے پاس ہیلی کاپٹر نہ ہونے کے باعث کابینہ ڈویژن نے وزیر اعظم کے لیے مختص ہیلی کاپٹر دے دیے۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ آنے والی حکومت سے متعلق مفاہمت کے بادشاہ نے بڑا دعویٰ کر دیا

واضح رہے کہ 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کو مجموعی طور پر 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو ایک برس قید کی جرمانے کی سزائیں سنائی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں