کل ہر صورت سڑکوں پر نکلیں گے، شہباز شریف

کل ہر صورت سڑکوں پر نکلیں گے، شہباز شریف
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی فلائلٹ معطل ہونے کی خبروں کو مسترد کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ کل لاہور پہنچیں گے اور کل چاہے جو بھی ہو، ہم ہر صورت سڑکوں پر نکلیں گے۔ 

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا تاہم اس سے قبل راولپنڈی میں سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور کارکنوں کو ایم پی او کے تحت بند کیا گیا اور یہ سب الیکشن کو داغدار کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، ذمے دار کان کھول کر سن لیں، وقت ایک سا نہیں رہتا، جتنی دھاندلی کرلیں ہم 25 جولائی کا انتخاب جیت رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ نواز شریف پاکستان نہیں ا?رہے، کوئی پرواز منسوخ نہیں ہوئِی، نواز شریف اپنی بیٹی کے ہمراہ کل لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے، گرفتاریوں اور تشدد سے ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا۔(ن) لیگ کے صدر نے کہا کہ ہمارا کل کا پروگرام پرامن ہے ، اس کے باوجود کارروائیوں کا مطلب ہے دال میں کچھ تو کالا ہے جب کہ عمران خان لاہور میں جلسہ کر رہے ہیں اور ہمارے لیے دفعہ 144 نافذ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نگران وزیراعلیٰ اور دیگر کی ہدایت پر ہمارے کارکنان کو گرفتار کر رہی ہے اور یہ گرفتاریاں انتخابات سے قبل دھاندلی ہے۔انہوں نے پولیس اور انتظامیہ کو خبر دار کیا کہ ذمہ دار کان کھول کر سن لیں، وقت ایک سا نہیں رہتا،مسلم لیگ ن کی حکومت آئی تو آپ کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔