چیئرمین نیب کی نواز شریف کے استقبال کیلئے جانے والوں کو وارننگ

چیئرمین نیب کی نواز شریف کے استقبال کیلئے جانے والوں کو وارننگ
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

اسلام آباد: چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ احتساب عدالت کے ایون فیلڈ ریفرنس میں دیئے گئے فیصلے میں نواز شریف اور مریم نواز کے وارنٹ گرفتاری پر قانون کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

چیئرمین نیب کی نواز شریف کے استقبال کے لئے جانے والوں کو وارننگ، عدالتی حکم میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہو گی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کل لندن سے لاہور آنے کا اعلان کر رکھا ہے اور اس سے قبل نیب نے ان کی گرفتاری کے لئے تمام انتظامات بھی مکمل کرلیے ہیں۔

نواز شریف اور مریم کی گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے دو ہیلی کاپٹرز کا انتظام بھی کر لیا ہے۔ ایک ہیلی کاپٹر لاہور اور دوسرا اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھڑا کیا جائے گا، کسی بھی ایئرپورٹ پر اترتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

خیال رہے احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی تھیں۔