عمران خان سے پہلی ملاقات ،ریحام خان کے چونکا دینے والے انکشافات

عمران خان سے پہلی ملاقات ،ریحام خان کے چونکا دینے والے انکشافات
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

لاہور : عمران خان کی سابقہ دوسری اہلیہ ریحام خان نے اپنی کتاب شائع کر کے نیا پنڈورا باکس کھول دیا، میڈیا میں ہرطر ف ریحام خان کی کتاب کے چرچے ہیں، ریحام خان کی کتاب کی اشاعت سے قبل ہی اس کو متنازعہ بنایا جاتا رہاہے ،اب جبکہ کتاب شائع ہو گئی ہے اس میں عمران خان کی زندگی سے متعلق کئی انکشافات کیے گئے ہیں۔

ریحام خان کی کتاب کا نام ان ہی کے نام پر یعنی ”ریحام خان “ہے۔ عمران خان کی سابق اہلیہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اطلاع دی کہ ان کی کتاب برطانیہ اور کچھ ممالک میں کتابی شکل میں جبکہ دنیا بھر میں آن لائن دستیاب ہے جبکہ یہ پی ڈی ایف کی شکل میں بھی انٹرنیٹ پر موجود ہے۔

ریحام خان کی کتاب میں انکشاف کیا گیا کہ عمران خان کی جیب سے کوکین کے پیکٹس برآمد کیے تھے، یہی نہیں بلکہ ریحام خان نے عمران خان کی جیب سے برآمد ہونے والے کوکین کی تصاویر بھی اپنی کتاب میں شائع کروا دیں ہیں۔ ریحام خان نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایک مرتبہ نہیں بلکہ کئی مرتبہ عمران خان سے کوکین برآمد کی تھی۔ ریحام خان کی کتاب سے متعلق حیران کن بات سامنے آئی ہے کہ اس کتاب کو کسی نے شائع نہیں بلکہ یہ ایمازون کے ٹیبلٹ کنڈل پر جاری کی گئی۔

کتاب میں پی ٹی آئی کی خواتین کے بارے میں بھی تذکرہ ہے جو انھیں میسجز بھیجا کرتی تھیں تاہم کتاب میں وسیم اکرم سے متعلق کوئی ذکر نہیں جو کتاب منظرعام پر آنے سے پہلے زیر گفتگو رہے تھے۔ ریحام خان نے کتاب میں اپنے پہلے شوہر اعجاز رحمان کے حوالے سے چشم کشا انکشافات کئے ہیں۔ کتاب میں انہوں نے کہا کہ میرے بچے اردو، پشتو اور پنجابی روانی سے بولتے تھے، ریحام خان نے اپنی بیٹی ردھا کی پیدائش کا بھی ذکرکیا ہے۔

ایک جگہ کتاب میں ریحام خان نے یہاں تک لکھا ہے کہ عمران خان جمائما نہیں بلکہ ان کی بڑی بہن کو پسند کرتے اور شادی کرنا چاہتے تھے۔ ریحام خان لکھتی ہیں کہ عمران خان نے ایک بار مجھے بتایا کہ میں دراصل جمائما کی بڑی بہن کو پسند کرتا تھا جو اس کی سوتیلی بہن تھی، میری ان کے باپ کے ساتھ بھی دوستی تھی، تاہم نوجوان جمائما خان مجھ سے اس قدر محبت کرتی تھی کہ ایک بار زیک (جمائما کا بھائی) کو سالٹ لیک ریجن میں چھٹی گزارنے کی دعوت دی تو وہ بھی اس کے ساتھ چلی آئی۔ زیک اپنی گرل فرینڈ کو بھی ساتھ لایا تھا۔

عمران خان نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہاں جمائما خان کے خلوص نے مجھے پاگل بنا دیا۔ ہم پیدل علاقے کی سیر کو نکلے، راستے میں کسی غریب شخص کی جھونپڑی آئی تو جمائما نے مجھ سے کہا کہ اگر اسے میرا ساتھ مل جائے تو وہ اس طرح کی جھونپڑی میں بھی بہت خوش رہے گی ریحام لکھتی ہیں کہ عمران خان نے مزید بتایا کہ جمائما کی ان محبت اور خلوص بھری باتوں پر میں نے سوچا کہ ایسی لڑکی جو نوجوان ہے اور اتنے خلوص کا مظاہرہ کر رہی ہے، اسے احساس بھی نہیں کہ وہ کس طرح کے عہد کر رہی ہے، اس کی محبت کا جواب نہ دینا ظلم ہو گا۔

جمائما کا اس سے پہلے صرف ایک بوائے فرینڈ تھاریحام خان نے کہتی ہیں کہ میں عمران خان کی باتیں سن رہی تھی اور سوچ رہی تھی کہ وہ مجھے ہر وقت اپنے معاشقوں کے بارے میں کیوں بتاتا رہتا ہے،ان کا مجھ سے کیا تعلق ہے، اس کی ایسی باتیں مجھے میرے سابق شوہر اعجاز کی یاد دلاتی تھیں، وہ بھی مجھے اپنے ماضی کے بارے میں ایسی ہی باتیں بتایا کرتا تھا۔

ریحام خان نے کتاب میں اپنے سابق شوہر کے ظلم کی داستان بیان کرتے ہوئے لکھا کہ اعجاز نیند سے جگانے پراس کی پٹائی کرتے تھے، بچوں کو مغربی کھانوں پر لگانے پر اعجاز اکثر طویل لیکچر دیتے، اعجاز بچے کے پیزا کھانے کی خواہش پر بھی غصے میں آجاتے تھے۔

ریحام خان نے عمران خان سے پہلی ملاقات کا ذکر بھی دلچسپ انداز میں کیا انہوں نے کہا جب میں عمران خان کا انٹرویو کرنے کیلئے گئی تو میں ہمہ وقت اپنے گارڈ کو اپنے ساتھ رہنے کی بھی ہدایت کی ، پہلے پارٹی سیکرٹریٹ کے ایک ٹھنڈے اور بے ترتیب بیڈ روم میں نعیم الحق نے میرا انٹرویو کیا پھر نعیم الحق میری کار میں بیٹھ گئے اور ہم بنی گالہ آگئے، نعیم الحق آگے آگے چل رہے تھے، میرے گارڈ نے کان میں سرگوشی کی، یہ آدمی ٹھیک نہیں۔

مجھے ایک کمرے میں لے جایا گیا جہاں سر سے پاوں تک بلیک لباس میں عمر رسیدہ آدمی پشت کر کے کھڑا تھا، کالے لباس والا آدمی کوئی اور نہیں لیجنڈ ( عمران خان ) خود تھا، انہوں نے مجھے پلک جھپکائے بغیر گھورنا شروع کیا، نعیم الحق نے بطور اینکر میرا تعارف کروایا، میں نے ٹخنوں تک لمبی قمیض اوپر بلیک جمپر اور بلیو ٹراوزر پہن رکھا تھا، میں نے لباس کا انتخاب سنجیدہ نظر آنے کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا، تو آپ کہاں سے ہیں، میز کے دوسری طرف سے مسلسل گھورتے ہوئے سوال پوچھا گیا، برطانیہ سے، میں نے مختصر جواب دیا۔

عمران خان سے شادی کے بعد کے واقعات کے حوالے سے کتاب میں لکھا گیا ہے کہ عید کے دن بنی گالہ میں عمران خان کے ساتھ بنائی گئی تصویر کے نیچے لکھا ہے کہ میرے بیٹے نے عمران خان کے گلے میں بازو ڈالنا چاہا لیکن عمران پیچھے ہٹ گیا۔ واضح رہے کہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے بھی کتاب کے متن پر اعتراض اٹھاتے ہوئے ریحام خان کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ریحام خان کی کتاب برطانیہ میں شائع ہوئی تو وہ ان پر ہتک عزت کا دعویٰ کریں گی۔

ریحام خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کتاب سے متعلق جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمام الزامات کا میں ﷲ کو جوابدہ بھی ہوں، جو کچھ کتاب میں لکھا اس کو عدالت میں ثابت کر سکتی ہوں ۔

ریحام خان نے جہاں اپنی کتاب میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان اور ان کے قریبی ساتھیوں سے متعلق کئی انکشافات کیے ہیں وہیں انہوں نے عمران خان سے متعلق کئی دعوے بھی کیے ہیں۔ کتاب میں ریحام خان نے اپنی زندگی ، پہلی شادی اور اس کی ناکامی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ بطور بیوی گزارے گئے وقت کا تفصیلی ذکر کیا ہے۔ ریحام خان نے عمران خان کے قریبی ساتھیوں مراد سعید ، حمزہ علی عباسی اور دیگر کے بارے میں بھی اپنی کتاب میں کئی انکشافات کیے جن میں سے کچھ حمزہ علی عباسی پہلے ہی بتا چکے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایمازون کے ٹیبلٹ کنڈل پرریحام خان نے کتاب کی قیمت 9 اعشاریہ 99 ڈالرز رکھی ہے ، اس کتاب کو شائع نہیں کیا گیا بلکہ اسے ایمازون پر صرف آن لائن ہی پڑھا جاسکتا ہے۔ ریحام خان کی 365 صفحات پر مشتمل ایک کتاب واٹس ایپ گروپس میں بھی گردش کر رہی ہے، جس سے متعلق ریحام خان کا کہنا ہے میری کتاب کے 365 نہیں بلکہ 563 صفحات ہیں جو کہ ایمازون پر دستیاب ہے۔