ٹرین حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہو گئی

ٹرین حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہو گئی
کیپشن: حادثے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون شیخ زید اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔۔۔۔فوٹو/ فیس بُک

رحیم یارخان: اکبر بگٹی ایکسپریس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24 ہو گئی جب کہ حادثے کے بعد ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔

حادثے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون شیخ زید اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔ڈی پی او عمر سلامت نے بتایا کہ رات گئے امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے ایک بچی کی لاش نکالی گئی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 24 ہو گئی۔

ڈی پی او عمر کا کہنا تھا کہ اب تک ملبے سے 23 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ حادثے کے 90 سے زائد زخمی مخلتف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب حادثے کے باعث کراچی میں بھی ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ قراقرم اور شاہ حسین ایکسپریس 5 گھنٹے کی تاخیر سے کراچی پہنچیں گی۔ ملت ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس اور تیز گام 2 سے 3 گھنٹے، بہاؤالدین ذکریا 3 گھنٹے اور پاکستان ایکسپریس 2 گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچیں۔

اس کے علاوہ کراچی ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔