گھنگھور گھٹائیں کھل کر برسیں، شہریوں کو کئی روز کی گھٹن سے نجات مل گئی

The thunderstorms rained openly, the citizens were saved from many days of suffocation
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے حبس اور گرمی کے ستائے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔

ابر رحمت سے موسم تو خوشگوار ہو گیا لیکن موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔ مریدکے میں شدید بارش سے گرمی کازور ٹوٹنے سے لوگوں کے چہرے کھل اٹھے۔ تاہم بارش کے باعث بازار اور گلیاں پانی سے بھر گئے۔

شیخوپورہ، شاہکوٹ، صفدر آباد، چنیوٹ، سرگودھا، گوجرہ، فیصل آباد ، منڈی بہاء الدین، پنڈدادنخان، حافظ آباد، جلال پور بھٹیاں، کالیکی منڈی، میانوالی، پپلاں، خانقاہ ڈوگراں اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ بجلی کے تمام فیڈر ٹرپ کر گئے۔ شدید بارش کے باعث شہر گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔

دوسری جانب شہر قائد میں بھی مون سون کی پہلی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے لیکن بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔ طوفافی بارش سے نشیبی آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا عملہ پانی نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر سے بدھ کے دوران شدید بارش کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائینڈنگ کا خطرہ ہے۔

اس کے علاوہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، پشاور، لاہور اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے جبکہ آندھی کے باعث نقصان کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارانی علاقوں میں واٹر سٹریس میں قدرے کمی جبکہ پانی کے ذخائر میں بہتری کا امکان ہے۔

بارش کسی کیلئے رحمت تو کسی کیلئے زحمت بن گئی۔ ایبٹ آباد میں بارش سے سیلابی صورتحال پر پیدا ہو گئی۔ ایوب پل بہہ جانے سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور گلیاں تالاب بن گئیں۔ کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔ ایوب میڈیکل کمپلیکس میں پانی جمع ہو گیا۔

لوئر دیر کے علاقے میدان دارو میں بارش سے غریب کا گھر گر گیا۔ حادثے میں دو بچیاں جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہو گیا۔

سیالکوٹ میں طوفانی بارش سے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھل گیا۔ برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے سے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ چونیاں کی سبزی منڈی میں چھت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ پندرہ سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔