خیبرپختونخواہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں گرمی کی تعطیلات 31 جولائی تک بڑھا دی گئیں

خیبرپختونخواہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں گرمی کی تعطیلات 31 جولائی تک بڑھا دی گئیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

خیبرپختونخواہ: صوبہ خیبرپختونخوا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں گرمی کی تعطیلات 31 جولائی تک بڑھا دی گئی ہیں البتہ تمام امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ میں اعلیٰ تعلیمی ادارے آج سے کھلنے تھے تاہم اب چھٹیوں میں توسیع کر دی گئی ہے جس کے باعث تمام سرکاری اور پرائیویٹ کالج اور جامعات 31 جولائی تک بند رہیں گی لیکن صوبے میں تمام امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
دوسری جانب وفاقی تعلیمی اداروں میں 18 جولائی سے یکم اگست تک گرمیوں کی چھٹیاں دی گئی ہیں جبکہ پنجاب میں یکم جولائی سے یکم اگست تک سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات دی گئی ہیں۔ 
صوبوں اور وفاقی اکائیوں نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اختیار دیئے جانے کے بعد مندرجہ بالا چھٹیوں کا فیصلہ کیا تھا ۔ 
وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پنجاب میں سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز یکم جولائی سے ہو گا اور یکم اگست تک سکول بند رہیں گے۔