کورونا وائرس کا پھیلاؤ، این سی او سی کی صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت

Naibaat, Corona Virus, National Command And Operation Center, NCOC, SOPs, Covid-19

اسلام آباد: ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے ریسٹورنٹس، جمنازیم، سینما گھروں اور شادی ہالز انتظامیہ اور شرکا کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی ہے جبکہ صوبوں کو اندرون اور بیرون شہر ٹرانسپورٹ، مساجد اور بازاروں کیلئے پہلے سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
این سی او سی کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں سیاحوں کی ہوٹل میں بکنگ کیلئے ویکسی نیشن شرط ہو گی اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور ادارے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں کورونا سے مزید 15 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 597 ہو گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 47 ہزار 15 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک ہزار 808 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ مثبت کورونا کیسز کی شرح 2.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔