وزیراعلیٰ پنجاب نے بارشوں کے باعث واسا اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیدیا

Punjab Chief Minister, Usman Buzdar, Imran Khan, WASA, administration, rains

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا بارشوں کے باعث واسا اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم ، کہا نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کو یقینی بنایا جائے ۔

اپنے بیان میں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں ۔ نکاسی آب کے کام کو بارش کے دوران اور بارش کے بعد بھی جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے ۔ نکاسی آب کے لیے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بارشی پانی کے جلد نکاس میں غفلت برداشت نہیں کروں گا ۔ شہریوں کو مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے ۔ ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔ واساز انتظامی اور ٹریفک پولیس کے حکام فیلڈ میں موجود رہیں ۔ ہر علاقے میں بارش اور نکاسی آب کے انتظامات کا خود جائزہ لے رہا ہوں ۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش سے موسم سہانا ہو گیا ۔ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے حبس اور گرمی کے ستائے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ۔

ابر رحمت سے موسم تو خوشگوار ہو گیا لیکن موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ۔ لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا اور بارش کے باعث بازار اور گلیاں پانی سے بھر گئے ۔