میں وکٹ پر ٹھہر جاتا تو میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا: حسن علی

میں وکٹ پر ٹھہر جاتا تو میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا: حسن علی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لارڈز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں مختلف کنڈیشنز کی وجہ سے بیٹنگ لائن کو مشکلات پیش آئیں، اگر میں وکٹ پر ٹک جاتا تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔ 
تفصیلات کے مطابق حسن علی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انگلینڈ کے خلاف مسلسل دو میچز اور سیریز میں شکست پر بہت افسوس ہے، دوسرے میچ میں بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور اگر میں وکٹ پر ٹھہرنے میں کامیاب ہو جاتا تو میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ جارحانہ انداز اپنا کر انگلینڈ کو بیک فٹ پر لے جانے کی کوشش کی اور اسے کم سکور پر روک کر اپنے مقصد میں کامیاب بھی ہوئے، باؤلنگ لائن نے اچھی کارکردگی دکھائی مگر بلے باز توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ 
حسن علی نے کہا کہ ہم نے زیادہ کرکٹ ایشیاءمیں کھیلی ہے جبکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز بھی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلے، انگلینڈ میں یکسر مختلف کنڈیشنز ہونے کی وجہ سے ہماری بیٹنگ لائن کو مشکلات پیش آئیں اور کارکردگی متاثر ہوئی۔ 
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنا بہت اعزاز کی بات ہے اور میں مستقبل میں بھی ایسی ہی کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہوں، انگلینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں اچھی کارکردگی دکھا کر سیریز کا اختتام فتح کیساتھ کرنے کی کوشش کریں گے۔