پاکستان کے عوام حکومت کی نالائقی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں: شاہد خاقان عباسی

پاکستان کے عوام حکومت کی نالائقی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں: شاہد خاقان عباسی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام حکومت کی نالائقی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ہم نیب اور مقدمات سے نہیں گھبراتے۔ 
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارے خلاف مقدمات جھوٹے ہیں، اسلام آباد اور لاہور کی عدالتوں کے فیصلے پڑھ لئے جائیں تو حقیقت سامنے آجائے گی، ہم نیب اور مقدمات سے گھبراتے نہیں، نیب کے چیئرمین بتادیں کس کے غلام ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ جو وزراءکہتے تھے کہ ہم نے انہیں پکڑا ہے، آج وہ چھپاتے پھر رہے ہیں، ای سی سی کے فیصلوں کے مطابق حکومت کے خلاف 20 مقدمات بنتے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان تو دعویٰ کرتے تھے کہ وہ سب کے خلاف کارروائی کرتے ہیں۔ 
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں گیس بحران کا ذمہ دار کون ہے؟ حکومت مہنگی ترین ایل این جی خرید کر بجلی بنا رہی ہے اس کا ذمہ دار کون ہے؟ پاکستان کے عوام حکومت کی نالائقی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، پاکستان میں ہر لمحہ الیکشن کا لمحہ ہے اور جتنی جلدی انتخابات ہوں، ملک و قوم کیلئے اتنا ہی اچھا ہے۔