واٹس ایپ کے انتہائی دلچسپ فیچر کے حوالے سے اہم پیش رفت، صارفین کیلئے خوشخبری

واٹس ایپ کے انتہائی دلچسپ فیچر کے حوالے سے اہم پیش رفت، صارفین کیلئے خوشخبری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: سماجی رابطوں کیلئے معروف ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے کافی عرصے سے ایک اکاؤنٹ بیک وقت مختلف ڈیوائسز پر استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے اور اب اس حوالے سے اہم پیش فت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جون 2021ءکے آغاز میں پہلی بار واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر پر کام کی تصدیق بھی کی گئی۔ واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھ کارٹ اور فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی جانب سے بتایا گیا کہ بہت جلد واٹس ایپ صارفین ملٹی ڈیوائس سپورٹ استعمال کرسکیں گے۔
کچھ عرصے پہلے کی رپورٹ کے مطابق صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے بیک وقت 4 ڈیوائسز کو لنک کرسکیں گے، مگر یہ ڈیوائسز واٹس ایپ ویب، واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ اور فیس بک پورٹل تک محدود ہوں گی تاہم اب ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملٹی ڈیوائس فیچر کیلئے واٹس ایپ کی ڈیسک ٹاپ ایپ کے بیٹا ورژن کو تیار کیا گیا ہے اور اسے جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اس نئے فیچر کا مقصد ہی یہ ہے کہ واٹس ایپ کو ایک سے زیادہ ڈیوائسز پر استعمال کیا جاسکے جبکہ واٹس ایپ کی جانب سے ابھی اینڈرائڈ اور آئی او ایس ایپس کے بیٹا ورژنز تو ہیں جن میں نئے فیچرز کو ٹیسٹ کیا جاتا ہے تاہم ملٹی ڈیوائس فیچر کیلئے ویب اور ڈیسک ٹاپ ایپس کے بیٹا ورژنز پر بھی کام کیا جارہا ہے۔
واٹس ایپ کی ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشن کے بیٹا ورژن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ اس وقت دستیاب ہوگی جب ملٹی ڈیوائس بیٹا پروگرام اینڈرائڈ اور آئی او ایس صارفین کیلئے مہیا کر دی جائے گی اور جب کوئی صارف ملٹی ڈیوائس بیٹا پروگرام کا حصہ بنے گا تو واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ ایپ خودکار طور پر بیٹا ورژن میں اپ ڈیٹ ہوجائے گی۔
ایک بار لنک ہونے کے بعد واٹس ایپ ان ڈیوائسز پر کام کرتی رہے گی چاہے مرکزی ڈیوائس یعنی فون بیٹری چارجنگ ختم ہونے پر بند ہوجائے یا اس پر انٹرنیٹ تک رسائی نہ بھی ہو اور یہی وہ دلچسپ بات ہے جس کے باعث صارفین بے صبری سے اس سہولت کے منتظر ہیں۔