ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ کا حصہ بننا ہدف ہے: محمد عرفان

ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ کا حصہ بننا ہدف ہے: محمد عرفان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم میں کم بیک کرنے اور ٹی 20 ورلڈکپ میں قومی سکواڈ کا حصہ بننا ہی میرا ہدف ہے، یہ درست ہے کہ میں فٹنس کے معاملے میں کمزور ہوں اور اس وجہ سے ہی آف سیزن میں فٹنس کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی۔ 
تفصیلات کے مطابق محمد عرفان نے آخری مرتبہ نومبر 2019 ءمیں کینبرا میں آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کی آخری بار نمائندگی کی تھی جبکہ 2016ء میں انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ لیڈز کے مقام پر انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ محمد عرفان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے بعد اب آف سیزن میں اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔ 
فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ اس وقت میرا واحد ہدف پاکستان ٹیم میں واپسی کرنا ہے اور میں یہ کر سکتا ہوں، اس لئے فٹنس کو مزید بہتر بنانے میں مصروف ہوں، میں ٹی 20ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں کیونکہ ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہو رہا ہے اور میں وہاں زیادہ کامیاب ہو سکتا ہوں۔ 
محمد عرفان نے کہا کہ 2015ءمیں ون ڈے ورلڈ کپ کھیلا ہے جبکہ 2016 ءکا ٹی 20 ورلڈ کپ بھی کھیل چکا ہوں اور اب میں پھر ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں اور اس کیلئے سخت محنت کرنے میں مصروف ہوں، پی ایس ایل میں کارکردگی اچھی رہی ہے بس مجھے فٹنس میں تھوڑی کمی محسوس ہو ئی ، میرا دیگر لیگز کے ساتھ بھی معاہدہ ہے، وہ بھی میں کھیلوں گا۔