کورونا کیسز بڑھ گئے، حکومت کا عید الاضحی پر سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا عندیہ

Corona cases increase, government decides to impose smart lockdown on Eid-ul-Adha
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم ''ڈیلٹا'' کے کیسز بڑھنے پر اس کے سدباب کیلئے عید الاضحی پر سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا عندیہ دیا ہے۔

 معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان  کا  اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران  کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر کو لازمی اپنائیں تاکہ اس موذی مرض سے محفوظ رہا جا سکے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ اور پاک فوج کی بھی مدد لی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کے علاوہ ویکسی نیشن اہم مرحلہ ہے۔ ہمارے پاس کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں کی وافر مقدار ہے، کہیں کوئی کمی نہیں ہے۔ عوام کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین لازمی لگوائیں جبکہ ہماری کوشش ہے کہ سیاحت کی اجازت ویکسی نیشن سے مشروط ہو۔ سیاحتی مقامات پر جانے والے افراد ویکسی نیشن کرا کے جائیں۔

معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جتنا زیادہ ویکسی نیشن کرائیں گے، اتنا ہی بیماری سے محفوظ رہیں گے۔ عوام ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال لازمی کریں، پرہجوم جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔

دوسری جانب انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے ریسٹورنٹس، جمنازیم، سینما گھروں، شادی ہالز انتظامیہ اور شرکا کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی ہے۔

صوبوں کو اندرون اور بیرون شہر ٹرانسپورٹ، مساجد اور بازاروں کیلئے پہلے سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

این سی او سی کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں سیاحوں کی ہوٹل میں بکنگ کیلئے ویکسی نیشن شرط ہوگی، اس کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور ادارے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔