خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنماءخورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر فریقین کے دلائل مکمل ہوجانے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جسٹس امجد علی سہتو نے سندھ ہائیکورٹ میں خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی اور ریمارکس دیئے کہ دونوں فریقین کی وجہ سے کیس میں تاخیر ہوئی ہے، اس موقع پر عدالت نے کہاکہ اگر کوئی تحریری دلائل جمع کرانا چاہے تو ایک دو روز میں کراسکتا ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جتنی کیس ڈائری پڑھی گئی ہیں، ان میں لکھا ہے تفتیشی افسر نہیں تھا،کیس نیب پراسیکیوٹر نے چلانا ہوتا ہے گواہ موجود ہوتے تھے جس پر جسٹس امجد علی سہتو نے ریمارکس دیئے کہ دونوں فریقین ہی نہیں چاہتے تھے کہ کیس چلے، ویڈیو کال پر بھی چارج فریم ہوسکتا ہے۔
عدالت نے فریقین کے وکلاءسے استفسار کیا کہ کتنے دن میں تحریری دلائل دیدیں گے؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دو ہفتوں کی مہلت دی جائے، عدالے نے کہاکہ دو ہفتے بہت ہیں، ایک دو دن سے زائد نہیں دیئے جائیں گے، بعد ازاں عدالت نے جمعے تک فریقین کو تحریری دلائل جمع کرانے کا حکم دیا۔