موسم کی خرابی، کراچی سے لاہور آنے والی دو پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا

PIA, bad weather, flights, Karachi, Lahore, Multan

لاہور: موسم کی خرابی کے باعث کراچی سے لاہور آنے والی دو پروازوں کا رخ تبدیل کر کے ملتان موڑ دیا گیا ۔

اس حوالے سے پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے آنے والی دونوں پروازوں پی کے 302 اور 402 کو ملتان موڑ دیا گیا ، دونوں پروازیں موسم کی خرابی کے باعث کافی دیر لاہور کے گرد چکر لگاتی رہیں ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں پروازوں کو لاہور کا موسم ٹھیک ہونے پر واپس بھیجا جائے گا ۔

واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش سے موسم سہانا ہو گیا ۔ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے حبس اور گرمی کے ستائے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ۔

ابر رحمت سے موسم تو خوشگوار ہو گیا لیکن موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ۔ لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا اور بارش کے باعث بازار اور گلیاں پانی سے بھر گئے ۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا بارشوں کے باعث واسا اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم ، کہا نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کو یقینی بنایا جائے ۔

اپنے بیان میں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں ۔ نکاسی آب کے کام کو بارش کے دوران اور بارش کے بعد بھی جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے ۔ نکاسی آب کے لیے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔