کویت کے امیر نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی

کویت کے امیر نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی
کیپشن: کویت کے امیر نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: امیرِ کویت شیخ نواف الاحمد الصباح نے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے نام امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح نے جوابی مراسلہ میں کہا کہ وہ مستقبل قریب میں دورہ پاکستان کو عملی شکل دینے کیلئے پر امید ہیں۔

صدر مملکت نے اپنے خط میں امیر کویت کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔ امیر کویت نے خط میں دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی مفادات کیلئے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

امیر کویت نے مسلم امہ کے مسائل بالخصوص مسئلہ فلسطین پر کویت کے کردار کی تعریف پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے دنیا کو جلد چھٹکارا حاصل ہوگا۔