بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے 50 افراد ہلاک

بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے 50 افراد ہلاک
کیپشن: بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے 50 افراد ہلاک
سورس: فوٹو/ سوشل میڈیا

نئی دہلی: بھارت میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 50 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور سب سے زیادہ اموات ریاست اترپردیش کے مختلف اضلاع میں ہوئیں۔ 

عالمی خبر رساں ایجنسی نے بھارتی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ راجھستان میں آسمانی بجلی گرنے سے تقریباً 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 42 افراد ریاست اترپردیش کے مختلف اضلاع میں جان کی بازی ہارے ہیں۔ جے پور میں تاریخی قلعے امر فورٹ کے دو واچ ٹاورز پر بجلی گری جو شہر میں طوفان کا نظارہ کرنے والے شہریوں سے بھرے ہوئے تھے۔

علاقے کے سینئر پولیس افسر سورب تیواری نے اس حوالے سے عالمی خبر رساں ایجسنی کو بتایا کہ لوگ قلعے کے اندر تھے اور پہلے ہی سے بارش ہو رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب بارش بہت تیزہوئی تو لوگ واچ ٹاورز پر چلے گئے جہاں بجلی گری۔

پولیس کے مطابق قلعے میں 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 17 زخمی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس افسر سورب تیواری کا کہنا ہے کہ جب بجلی گری تو دونوں ٹاورز پر 30 لوگ تھے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں کچھ لوگ بجلی کا جھٹکہ لگنے سے بے ہوش ہوئے تو کچھ افراتفری کے باعث ٹاور سے باہر بھاگے جس کی وجہ سے یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مرنے والے افراد کے گھر والوں کو معاوضہ دیا جائے گا۔