بھارت: جھوٹی آئی پی ایل منعقد کرکے روسی جواریوں کو لوٹ لیا گیا

بھارت: جھوٹی آئی پی ایل منعقد کرکے روسی جواریوں کو لوٹ لیا گیا
سورس: Twitter

گجرات : بھارتی پولیس نے ایک غیر معمولی جعل سازی کا سراغ لگایا ہے جس میں چند افراد نے انڈین پریمیئر لیگ کا ڈرامہ رچا کر روس میں بیٹھے جواریوں سے تقریبا تین لاکھ روپے اینٹھ لیے۔

یہ ڈرامہ انڈیا کی ریاست گجرات میں کے ایک فارم پر رچایا گیا جہاں پولیس کے مطابق جعلی آئی پی ایل منعقد کی گئی۔

پولیس کے مطابق جعل سازوں نے چند مزدوروں کو کھلاڑیوں کا روپ دیا جن کو اصلی آئی پی ایل ٹیمز کی وردیاں پہنائی گئیں جب کہ ایک جعلی امپائر بھی کھڑا کیا گیا ۔ کھلاڑیوں کو فی میچ چار سو روپے دیے گئے۔

جعل سازوں نے ڈھونگ کو اصلی رنگ دینے کے لیے یہاں تک اہتمام کیا کہ انڈین کمینٹیٹر ہارشا بھوگلے کی آواز کی نقل کرنے والے شخص کو کمنٹری کے لیے رکھ لیا۔ جعلی آئی پی ایل کے میچ یو ٹیوب پر ایک چینل بنا کر نشر کیے جاتے رہے۔ اس یو ٹیوب چینل کا نام بھی آئی پی ایل رکھا گیا تھا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ پولیس کے مطابق یہ جعلی ٹورنامنٹ مئی میں اس وقت شروع ہوا جب اصلی آئی پی ایل کو ختم ہوئے تین ماہ گزر چکے تھے۔ ٹورنامنٹ کے دوران پچ سے ہٹ کر زیادہ دور کا کوئی منظر نہیں دکھایا جاتا تھا۔ سٹیڈیم کا تاثر دینے کے لیے انٹرنیٹ سے شائقین کے اصلی شور کی آوازیں حاصل کر کے سپیکر کے ذریعے چلا دی جاتی تھیں اور ایسا لگتا تھا کہ واقعی یہاں تماشائیوں کا ہجوم ہے۔

روسی جواریوں کو گمان بھی نہیں ہوا کہ ان کے ساتھ کیا دھوکا کیا جا رہا ہے اور یہ ٹورنامنٹ کوارٹرز فائنل کی سٹیج تک جا پہنچا۔ شاید فائنل بھی ہو جاتا لیکن اس سے قبل ہی پولیس نے اس جعل سازی کا سراغ لگا لیا۔

پولیس انسپکٹر بھویش راٹھور نے صحافیوں کو بتایا کہ جعل سازی میں ملوث گینگ نے ایک ٹیلی گرام چینل بنا رکھا تھا جس پر روسی جواری شرطیں لگاتے تھے ہر شرط کے بعد والکی ٹالکی کے ذریعے جھوٹے امپائر سے رابطہ کیا جاتا جو بولر اور بیٹسمین کو بتاتا کہ اب ان کو کیا کرنا ہے، چھکا لگانا ہے یا پھر آوٹ ہونا ہے۔

پولیس نے اس کیس میں چار افراد کو حراست میں لیا ہے جن پر مجرمانہ سازش اور جوئے کا الزام لگایا گیا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں