جمشید دستی ملتان جیل سے ڈی جی خان جیل منتقل ،آج عدالت میں پیش کیا جائیگا

 جمشید دستی ملتان جیل سے ڈی جی خان جیل منتقل ،آج عدالت میں پیش کیا جائیگا

ملتان: ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی کو ملتان جیل سے ڈی جی خان جیل منتقل کردیا گیا  جہاں انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ جمشید دستی کی ضمانت پر رہائی کیلئے آج 4 مختلف دائر درخواستوں پر سماعت ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق جمشید دستی کی ضمانت پر رہائی کیلئے آج متفرق درخواستوں پر سماعت ہوگی جہاں ڈی جی خان کی خصوصی عدالت میں جمشید دستی کو پیش کیا جائے گا۔یاد رہے کہ  عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی کو مظفر گڑھ میں ڈینگا کینال کھولنے پر گرفتار کیا گیا تھا جہاں انہیں علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر کے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل ملتان بھیج دیا گیا تھا۔  کاشت کاروں کی نہری پانی کی بندش کی شکایت پر جمشید دستی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مظفر گڑھ میں 28 مئی کو ہیڈ کالو کے علاقہ میں ڈینگا کینال کو غیر قانونی طور پر کھول دیا تھا۔

جمشید دستی کی اس چالاکی کا جواب محکمہ انہار نے ایک گھٹنے بعد نہر کو دوبارہ بند کر کے تو دیا ہی اور ساتھ میں تھانہ قریشی میں ان پر مقدمہ درج کروا کر ایف آئی آر سیل کروا دی تھی۔

 پولیس کے مطابق محکمہ انہار نے جمشید دستی کو مذکورہ گیٹ کھولنے سے منع کیا تھا جو گذشتہ کئی ماہ سے بند تھا۔ کوٹ ادو کے ایگزیکٹو انجینیئر مہر ریاض کے مطابق انھوں نے صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا جبکہ پولیس کو بھی ایکشن لینے کی درخواست کی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
 

مصنف کے بارے میں