سینیٹر نہال ہاشمی کو مسلم لیگ( ن) سے نکال دیا گیا

سینیٹر نہال ہاشمی کو مسلم لیگ( ن) سے نکال دیا گیا

اسلام آباد :سینیٹر نہال ہاشمی کو مسلم لیگ ن سے نکال دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر اور مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔ نہال ہاشمی کے معاملے پر ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی تاکہ اگر نہال ہاشمی اپنا دفاع کرنا چاہیں تو اپنا موقف کمیٹی کے سامنے پیش کر سکیں لیکن نہال ہاشمی کمیٹی کے سامنے اپنا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ 

چئیر مین ڈسپلن کمیٹی راجہ ظفر الحق نے اس معاملے پر اپنی سفارشات وزیر اعظم نواز شریف کو بھجوا دیں۔ سفارشات میں کہا گیا کہ نہال ہاشمی کی تقریر پارٹی ڈسپلن اور پارٹی کی پالیسی کے خلاف ہے۔راجہ ظفر الحق نے کہا کہ نہال ہاشمی کی تقریر متنازعہ تھی۔کمیٹی نے رپورٹ اور سفارشات وزیر اعظم نواز شری کو بھجوا دی ہیں۔ سفارشات میں متفقہ طور پر کمیٹی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ نہال ہاشمی کو پارٹی سے نکال دیا جائے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے نہال ہاشمی کو پارٹی سے نکالنے کی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ سینیٹر نہال ہاشمی نے یوم تکبیر کی ایک تقریب سے خطاب کے دوران دھمکی آمیز کلمات استعمال کیے تھے جس پرانہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔