حکومت آئندہ سال میں سوئی نادرن 3لاکھ نئے گیس کنکشنز جاری کرے گی،دستاویز

حکومت آئندہ سال میں سوئی نادرن 3لاکھ نئے گیس کنکشنز جاری کرے گی،دستاویز

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں گیس کی قلت کے باوجودآئندہ سال 4لاکھ 14ہزار سے زائد نئے گیس کنکشنز دینے کا فیصلہ کیا ہے، سب سے زیادہ گیس کنکشنز پنجاب کے حصے میں آئیں گے۔ دستیاب دستاویز کے مطابق آئندہ سال میں سوئی نادرن 3لاکھ نئے گیس کنکشنز جاری کرے گی جبکہ سندھ اور بلوچستان کو گیس فراہم کرنے والی کمپنی سوئی سدرن 1لاکھ 14ہزار 630نئے گیس کنکشنز جار ی کرے گی۔ موجودہ گیس صارفین کیلیے مطلوبہ گیس دستیاب نہ ہونے کے باوجود نئے گیس کنکشنز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس وقت ملک میں گیس کا موجودہ شارٹ فال 1ارب72کروڑ مکعب فٹ یومیہ ہے۔ گیس کی طلب 5ارب 85کروڑ اور گیس کی فراہمی 4ارب 13کروڑ مکعب فٹ یومیہ ہے۔واضح رہے کہ اس وقت ملک میں گیس صارفین کی مجموعی تعداد 86لاکھ 80ہزار ہے جس میں گھریلو صارفین کی تعداد سب سے زیادہ 85لاکھ 88ہزار،کمرشل 81ہزار 384اور انڈسٹریل صارفین کی تعداد 10ہزار 862تک پہنچ گئی ہے۔ گیس کمپنیاں سالانہ اوسط تین لاکھ نئے گیس کنکشنز دے رہی ہیں۔دستاویز کے مطابق اگلے تیرہ سال کے دوران بھی ملک سے گیس بحران ختم نہیں ہوگا۔ 2030تک ایل این جی، آئی پی، ٹاپی گیس درآمد کرنے کے باوجود گیس کی قلت ختم نہیں ہوگی۔

گیس کا شارٹ فال بڑھ کر 6ارب 71کروڑ مکعب فٹ یومیہ ہوجائے گا اور مقامی گیس کی فراہمی میں 2ارب 33کروڑ مکعب فٹ یومیہ کی تشویش ناک حد تک کمی ہوجائے گی۔ دستاویز کے مطابق 2030تک ملک کے گھریلو گیس صارفین کی طلب موجودہ 840ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھ کر 1ارب 79کروڑ مکعب فٹ یومیہ ہوجائے گی۔اسی طرح ملک میں گیس کی طلب میں اضافے اور مقامی گیس ذخائر میں کمی کے باعث تیرہ سال بعد ملک کی گیس طلب موجودہ 5ارب 85کروڑفٹ یومیہ سے بڑھ کر 8ارب 12کروڑمکعب فٹ یومیہ ہوجائے گی جبکہ مقامی گیس کی فراہمی 2ارب 33کروڑ مکعب فٹ یومیہ کمی کیساتھ موجودہ 3ارب 73کروڑ مکعب فٹ یومیہ سے کم ہوکر 1ارب 40کروڑمکعب فٹ یومیہ رہ جائے گی۔دستاویز کے مطابق2030تک اگر صرف مقامی گیس پر انحصار رہا تو گیس کا شارٹ فال 6ارب 71کروڑ مکعب فٹ یومیہ تک بڑھ جائے گا اورگیس درآمد کرنے کیساتھ شارٹ فال 2ارب 83کروڑ مکعب فٹ یومیہ ہوگا۔

تیرہ سال بعد ملکی و درآمدی گیس کی فراہمی 5ارب 28کروڑمکعب فٹ یومیہ ہوگی اور مقامی گیس کی فراہمی کاتخمینہ1ارب 40کروڑ مکعب فٹ یومیہ لگایا گیا ہے۔ 2030میں ایل این جی سے 1800ایم ایم سی ایف ڈی، ٹاپی سے 1325اور آئی پی سے 750ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل ہوگی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
 

مصنف کے بارے میں