وزیراعظم کی طلبی، سرمایہ کاروں کے 350 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے

وزیراعظم کی طلبی، سرمایہ کاروں کے 350 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج شدید مندی کا رجحان رہا کیونکہ ایک دن میں 1855 پوائنٹس کی کمی کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہو گیا اور ہنڈریڈ انڈیکس 47 ہزار 671 پر بند ہوا۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بجٹ سے قبل بہتر معاشی اعداوشمار، سی پیک منصوبوں اور ایم ایس سی آئی ایمرجنگ مارکیٹ میں شمولیت پر 25 مئی دو ہزار سترہ کو ہنڈرڈ انڈیکس 53 ہزار 123 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تھا۔

ایک ہفتے قبل حصص بازار میں صرف پانچ روز میں چار ہزار پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی تھی جس میں یکم جون کو 1810 پوائنٹس کی ایک دن میں سب سے زیادہ مندی ریکارڈ کی گئی۔ آج کی مندی نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا اور سرمایہ کاروں کے 350 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز کاروبار کے دوران شدید مندی دیکھنے میں آئی، جس کی وجہ وزیراعظم نواز شریف کی پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے طلبی بتائی گئی۔

یاد رہے وزیراعظم نواز شریف جمعرات 15 جون کو پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے صبح 11 بجے پیش ہوں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں