دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 5740 پاکستانی شہید ہوئے: عبدالقادر بلوچ

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 5740 پاکستانی شہید ہوئے: عبدالقادر بلوچ

اسلام آباد: ریاستی و سرحدی امور(سیفران)کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران قبائلی علاقوں میں 5 ہزار 740 افراد شہید  جبکہ 6 ہزار  427  زخمی ہوئے۔

وزارت سیفران نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی تعداد اور ان کے لواحقین کو دیئے گئے معاوضے کی تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرادیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن اسمبلی عبدالقہار خان ودان کے تحریری سوالوں کے جواب میں وزارت سیفران کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی علاقے میں 5 ہزار 740 افراد شہید 6 ہزار 427 زخمی ہوئے، ان میں لیویز کے 234 اہلکار، 174 خاصہ دار اور 5 ہزار 332 سویلین شامل ہیں۔

سیفران کے وزیر نے بتایا کہ اس جنگ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کو 3 ارب 48 کروڑ روپے کا معاوضہ ادا کیا گیا۔قومی اسمبلی میں پیش کی گئیں دستاویزات کے مطابق مقتولین کے لواحقین کو 2 ارب 82 کروڑ جبکہ زخمیوں کو 65 کروڑ 69 لاکھ روپے جاری کئے گئے۔

وزارت سیفران کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے قبائلی علاقوں میں 80 ہزار مکانات تباہ ہوئے، جن میں سے 22 ہزار 471 کی تعمیر نو کا فیصلہ کیا گیا۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 15 ہزار 139 ٹی ڈی پیز کو 5 ارب 27 کروڑ روپے معاوضہ دیا جا چکا ہے۔

وزارت سیفران نے بتایا کہ ٹی ڈی پیز کے لیے فاٹا سیکریٹریٹ اب تک 6 ارب 37 کروڑ روپے پولیٹیکل انتظامیہ کو دے چکا ہے.