پنجاب اور کے پی میں موسلاد ھار بارش سے موسم خوشگوار،سائیکلون وایو طوفان کراچی ساحل سے ٹکرائے گا

پنجاب اور کے پی میں موسلاد ھار بارش سے موسم خوشگوار،سائیکلون وایو طوفان کراچی ساحل سے ٹکرائے گا

لاہور:پنجاب اور کے پی میں موسلاد ھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ جڑواں شہروں ، ایبٹ آباد ، مظفرآباد میں بھی بادل برس پڑے، مری ،ایوبیہ ، سوات ، مالم جبہ میں ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کی یاد دلادی ۔

ادھر کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں گرمی بڑھ گئی جبکہ سمندری طوفان سائیکلون وایو کراچی کے جنوب مشرق سے 1150کلومیٹر دور رہ گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے طوفان مزید کچھ گھنٹوں میں شدت اختیار کر جائے گا،130کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ،تھر پارکر ، مٹھی اور رن کچھ میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے ،ٹھٹھہ اور سجاول کے اطراف میں ایمرجنسی لاگو کردی گئی ہے جبکہ مچھیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت بھی کی گئی ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی ڈویژن گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی وجنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان اور سندھ میں موسم شدید گرم رہیگا۔