عامر خان کا پاکستان میں بچوں کیساتھ زیادتی کے واقعات پر افسوس کا اظہار

عامر خان کا پاکستان میں بچوں کیساتھ زیادتی کے واقعات پر افسوس کا اظہار


لندن:سابق عالمی چیمپئن اور معروف انٹرنیشنل پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

عامر خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میری فانڈیشن کو اور بطور باپ مجھے پنجاب میں 8 سالہ معصوم بچی زہرہ کو زیادتی کے بعد قتل کر دیے جانے والے واقعے پر گہرا دکھ اور تکلیف پہنچی ہے۔ اس طرح کے واقعات کا تدارک کرنا بہت ضروری ہے تاکہ مستقبل میں کوئی بچہ خدانخواستہ کسی زیادتی کا شکار نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کروں گا۔

پاکستان کے لوگ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی بھی آگے بڑھیں اور میرا ساتھ دیں۔عامر خان نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے بھی خصوصی درخواست کی ہے کہ وہ ملک میں بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے واقعات کا نوٹس لیں اور ان کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

عامر خان نے زیادتی کا شکار ہونے والی زہرہ کے اہل خانہ کے مالی اخراجات برداشت کرنے، بچوں کو تعلیم دلانے اور حصول انصاف کے لیے مقدمہ لڑنے میں بھرپور معاونت کا اعلان بھی کیا ہے۔