کورونا کے باعث لاہور میں پابندیاں مزید سخت کرنے کیلئے وفاق کو سفارشات بھیجنے کا فیصلہ

 کورونا کے باعث لاہور میں پابندیاں مزید سخت کرنے کیلئے وفاق کو سفارشات بھیجنے کا فیصلہ
کیپشن: کورونا مریضوں میں سے نصف سے زائد لاہور میں ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث لاہور میں 2 ہفتے کے لیے پابندیاں مزید سخت کرنے کے لیے وفاق کو سفارشات بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں کورونا سے متعلق صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی حکومت نے لاہور میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ اس سلسلے میں لاہور میں پابندیاں مزید سخت کرنے کے لیے وفاق کو سفارشات بھیجی جائیں گی۔

اجلاس کے دوران کورونا کی صورت حال پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا کے حوالے سے ضابطہ کار ( ایس او پیز) پر عمل درآمد نہ کرنے کے بعد صورت حال تشویش ناک ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کورونا مریضوں میں سے نصف سے زائد لاہور میں ہیں جب کہ بازاروں اور مارکیٹوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ی ایم اے) پنجاب میں 300 بستروں کا ہائی ڈیپینڈینسی یونٹ (ایچ ڈی یو) قائم کرے گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ کورونا مریضوں کے لیے درکار انجیکشن کی کمی نہیں ہونی چاہیے، ایک ہفتے میں 7سو انجیکشن سرکاری اسپتالوں کو فراہم کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 47 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جن میں سے 890 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔