جی 7 ممالک کا کوروناویکسین کی ایک ارب خوراکیں عطیہ کرنے کا اعلان

جی 7 ممالک کا کوروناویکسین کی ایک ارب خوراکیں عطیہ کرنے کا اعلان
سورس: Twitter

لندن :برطانیہ میں دنیا کے7  بڑے ممالک کے سربراہان کا اجلاس ہوا جس میں ترقی پذیر ممالک کو کورونا ویکسین کی ایک ارب خوراکیں بطور امداد دینے کا اعلان کیا گیا۔ 

برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے علاقے کارنوال میں جی سیون سربراہ کانفرنس  ہوئی ۔ امریکا، کینیڈا،برطانیہ ، اٹلی، فرانس ، جرمنی اور جاپان کے سربراہان نے شرکت  کی۔

کانفرنس کے دوران کورونا وبا سے متاثرہ رکن ممالک کی معیشتوں کی بحالی کیلئے اقدامات پر غورکیا گیاجبکہ کورونا ویکسین کی ایک ارب خوراکیں دیگر ممالک کو بطورِ امداد دینے کا وعدہ بھی کیا گیا۔

بعدازاں جی سیون کے سربراہان مملکت  نے برطانوی ملکہ سمیت شاہی خاندان کے دیگر افرد سے ملاقات کی۔ امریکی صدر جوبائیڈن پہلی بار ملکہ ایلزبتھ سے بھی ملے۔ یادگارلمحات کو کیمرے کی آنکھ سے محفوظ بھی کیا گیا۔ 

یادگاری تصویر کے موقع پر ملکہ ایلزبتھ کے دائیں طرف جرمن چانسلر انجیلامرکل،فرانسیسی صدربائیں طرف برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اورامریکی صدر جوبائیڈن براجمان ہوئے۔

دوسری طرف امریکی خاتون اول نے برطانوی  شہزادی کے ہمراہ  ایک اسکول کا دورہ کیا۔جِل بائیڈن اور کیٹ مڈلٹن کو دیکھ کر بچوں کے چہرے خوشی سے کِھل اٹھے۔خاتون اول نے اسکول میں موجود خرگوشوں کو گاجروں کا تحفہ بھی دیا۔