حج سے متعلق سعودی حکومت کا فیصلہ قابل تحسین ہے، مولانا طاہر اشرفی

حج سے متعلق سعودی حکومت کا فیصلہ قابل تحسین ہے، مولانا طاہر اشرفی
کیپشن: حج سے متعلق سعودی حکومت کا فیصلہ قابل تحسین ہے، مولانا طاہر اشرفی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ رواں برس سعودی عرب میں مقیم افراد ہی حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔

مولانا طاہر اشرفی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حج سے متعلق سعودی حکومت کا فیصلہ قابل تحسین ہے اور سعودی عرب میں مقیم سعودی اورغیر ملکی افراد اس سال حج کرسکیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب نے کورونا اور عالمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا۔ حج سے متعلق سعودی عرب کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وبا کے باعث پاکستان سمیت غیرملکی عازمین رواں برس حج کے لئے سعودی عرب نہیں جا سکیں گے۔

سعودی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رواں سال سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار افراد ہی حج کر سکیں گے۔

جاری اعلامیے کے مطابق کسی ملک کے شہریوں کو رواں سال حج کے لیے نہیں آنے دیا جائے گا۔ بیرون ملک رہنے والے افراد کو حج کی اجازت نہیں ہو گی اور صرف ویکسین لگوانے والے افراد کو حج کرنے کی اجازت ہو گی۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سمیت غیر ملکی افراد حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا تھا کہ سعودی حکومت نے ابھی تک کسی بھی ملک کو حج کا کوٹہ جاری نہیں کیا۔

ایک بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ حج کوٹہ ملنے پر وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2021 کا اعلان کرے گی۔ عوام الناس حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان سے قبل حج بکنگ نہ کروائیں۔