خواجہ آصف کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت

خواجہ آصف کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت

اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف سے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کی ملاقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

اسلام آباد میں پاکستان ایران بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان 2 سالوں میں تجارت کو فروغ ملا، جسے بڑھانے کی طرف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی دوستی بے مثال ہے، دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی پاکستان ایران بزنس فورم کی تقریب میں وزیر خارجہ خواجہ آصف، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف، ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

واضح رہے کہ ایران پاکستان تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان ایران تعلقات میں کشیدگی رہی ہے لیکن ہم نے ہمیشہ مضبوطی کے لیے کوششیں کیں۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ پاک ایران باہمی تعلقات، مثالی اور گہرے ہیں۔ ایران اور پاکستان کے درمیان بینکاری کے شعبے میں حائل رکاوٹوں کے جلد دور ہونے کی توقع ہے۔ امید ہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ جلد مکمل ہو جائے گا۔ مزید ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ دونوں برادر ممالک کبھی ایک دوسرے کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ ہم کسی کو بھی ایرانی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔