ایمازون کے بانی جیف بیزوز اوسطاً 10 ارب ڈالرز سے زائد ماہانہ کما رہے ہیں

ایمازون کے بانی جیف بیزوز اوسطاً 10 ارب ڈالرز سے زائد ماہانہ کما رہے ہیں

نیویارک:ایمازون کے بانی جیف بیزوز 2018 کے دوران فی منٹ 2 لاکھ 31 ہزار ڈالرز کمانے والے دنیا کے پہلے شخص بن گئے ہیں۔ ابھی وہ اوسطاً 10 ارب ڈالرز سے زائد ماہانہ کما رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایمازون کے بانی جیف بیزوز نے 2018 کا آغاز دنیا کے امیر ترین شخص کی حیثیت سے کیا اور ان کے اثاثوں میں رواں سال کے دوران انتہائی تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جیف بیزوز کے اثاثوں میں اضافہایمازون کے اسٹاک یا حصص کی قیمتوں سے ہوتا ہے اور اس کمپنی کے اسٹاک کی قیمت میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران 50 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جیف بیزوز نے 2018 کا آغاز لگ بھگ 100 ارب ڈالرز سے کیا تھا اور سال کے اولین 2 ہفتوں میں 10 ارب ڈالرز کا اضافہ کیا۔

بلومبرگ انڈیکس کے مطابق جیف بیزوز کے اثاثوں کی مالیت 129 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے یعنی جنوری، فروری اور مارچ کے کچھ دنوں کے اندر وہ 30.1 ارب ڈالرز کما چکے ہیں۔

اس کے مقابلے میں دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بل گیٹس نے اس عرصے میں 'محض' 12 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کا ہی اضافہ کیا۔