جنرل باجوہ نے دہشتگردوں کی تمام اپیلوں کو مسترد کر دیا: خرم دستگیر

جنرل باجوہ نے دہشتگردوں کی تمام اپیلوں کو مسترد کر دیا: خرم دستگیر

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دہشت گردوں کی تمام اپیلوں کو مسترد کر دیا ہے۔

وزیر دفاع خرم دستگیر نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کرایا جس میں بتایا گیا کہ فوجی عدالتوں میں آج تک 486 دہشتگردوں کے مقدمات بھیجے گئے جس میں سے آرمی چیف کو 151 دہشتگردوں نے رحم کی اپیلیں کیں۔ قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا کہ فوجی عدالتوں نے 186 دہشتگردوں کو سزائے موت، 79 دہشتگردوں کو عمر قید کی سزا، 47 دہشتگردوں کو 20 سال قید با مشقت کی سزا سنائی۔

وزیر دفاع کے تحریری جواب میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایک دہشتگرد کو 18 سال اور ایک دہشتگرد کو 16 سال قید با مشقت سنائی گئی، 13 دہشتگردوں کو 14 سال قید بامشقت اور تین دہشتگردوں کو 10 سال قید با مشقت سزا سنائی گئی۔ اس کے علاوہ 2 دہشتگردوں کو 7 سال قید با مشقت سزا سنائی گئی اور ایک دہشتگرد کو ٹرائل کے بعد رہا کر دیا گیا جبکہ فوجی عدالتوں نے 52 دہشتگردوں کے خلاف مقدمات کو خارج کیا۔

خرم دستگیر نے بتایا کہ صدر پاکستان نے 62 دہشت گردوں کی اپیلیں مسترد کیں جبکہ 18 دہشتگردوں نے صدر سے رحم کی اپیل ہی نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ عدالتوں میں 74 دہشتگردوں کی اپیلیں زیر سماعت ہیں جن میں سے سپریم کورٹ میں 49، لاہور ہائیکورٹ میں 3، پشاور ہائیکورٹ میں 6 اور سندھ ہائیکورٹ میں 16 مقدمات زیرسماعت ہیں۔