سینٹ الیکشن میں جھوٹ اور تکبر کو شکست ہوئی: میاں محمودالرشید

سینٹ الیکشن میں جھوٹ اور تکبر کو شکست ہوئی: میاں محمودالرشید

 لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ سینیٹ میں بلوچستان نہیں پاکستان جیتا، عوامی عدالت کا فیصلہ بھی دیکھ لیا، ن لیگ کا نہ ختم ہونیوالا زوال شروع ہو گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں بد ترین شکست سے ن لیگ کی آنکھیں کھل گئی ہیں، 2018 کے عام انتخابات ان کی آنکھیں مزید کھولنے کیلئے کافی ہوں گے۔ سینٹ الیکشن میں جھوٹ اور تکبر کو شکست ہوئی ہے جس سے وفاق مضبوط ہوگا اب لٹیروں کی اسمبلیوں میں نہیں جیل جانے کی باری آگئی ہے۔ سینٹ الیکشن میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے عمران خان کے موقف کی تائید اور تصدیق کر دی ہے کہ اب ہارس ٹریڈ نگ نہیں چلے گی ن لیگ تنزلی کا شکار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ احد خان چیمہ کی گرفتاری کے بعد بیوروکریسی نے جو رویہ اختیار کیا اس سے انکا کردار مشکوک ہو گیا اسلئے سمجھتے ہیں کہ عام انتخابات سے پہلے انتظامی عہدوں پر تعینات افسروں کی تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ احد چیمہ کی گرفتاری پر افسروں نے مبینہ طور پر وزیراعلیٰ کے حکم پر ہڑتال کی جس کا مطلب یہ ہے کے پنجاب کی بیوروکریسی وزیراعلیٰ کے حکم پر نا چتی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بیوروکریسی میں کالی بھیڑیں عوام کے ٹیکس سے حاصل رقم سے بھاری تنخواہیں بٹورتی ہیں، بیورو کریسی نے پبلک سرونٹ بننے کی بجائے وزیراعلیٰ کا سرونٹ بننے کی افسوسناک مثال قائم کی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔