اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور جرمن وزیر خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان امن مذاکرات میں پیشرفت سے مطمئن ہیں اور افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کا اہم کردار ہے۔
شاہ محمود قریشی نے جرمن وزیر خارجہ کو پلوامہ واقعہ کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ جرمن وزیر خاجہ نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کےاقدامات کو سراہا۔
دونوں وزراء میں پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق بات ہوئی جبکہ جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی بات کی گئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل جاری ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انتہائی ابتر صورتحال ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
جرمن وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں۔ پاکستان افغان امن عمل میں ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات ہونے چاہئیں۔