ایک میچ کی کارکردگی پر آپ کسی نئے کھلاڑی کو موقع دے کر پاکستان کی کیپ کو حقیر نہ بنائیں:شاہد آفریدی

ایک میچ کی کارکردگی پر آپ کسی نئے کھلاڑی کو موقع دے کر پاکستان کی کیپ کو حقیر نہ بنائیں:شاہد آفریدی

کراچی:سابق ٹی 20 کپتان شاہد آفریدی مکی آرتھر اور قومی سلیکشن کمیٹی کے رویے اور ٹیم کی سلیکشن پر پھٹ پڑے اوراعتراض کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر ایک میچ کی کارکردگی پر نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے رہی ہے، جونیئر کھلاڑیوں کو جونیئر ٹیموں میں گروم کرنے کے بجائے قومی ٹیم میں منتخب کرنے کی روش ترک کی جائے۔ ایک میچ کی کارکردگی پر آپ کسی نئے کھلاڑی کو موقع دے کر پاکستان کی کیپ کو حقیر نہ بنائیں، نئے لڑکوں کو جونیئر ٹیم میں کھلا کر انہیں میچور کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے اپنے تحفظات کا کھل کر اظہار کیا اور مکی آرتھر کے رویے پر بھی ردعمل دیا۔بوم بوم نے مکی آرتھر کو مشورہ دیا کہ کوچ ڈریسنگ روم میں جذباتی ہونے کے بجائے خود کو ریلکس رکھیں۔ پی ایس ایل فور سے ہمیں بیٹسمین نظر نہیں آئے لیکن جو باﺅلر نظر آئے انہیں ہم بہت جلدی جلدی موقع دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنید خان اور وہاب ریاض پر آپ نئے لڑکوں کو فوقیت نہیں دے سکتے۔

سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ سرفراز کا انداز ہے کہ وہ ہر ٹیم کو زبردست طریقے سے لیڈ کرتے ہیں، سب کو پاکستانی کپتان کو سپورٹ کرنا چاہیے، اگر اسی طرح کارکردگی چلتی رہی تو ہم ورلڈ کپ جیتیں گے، اگر پاکستان ٹیم بنگلہ دیش یا زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلتی تو پھر سلیکٹرز 6 کھلاڑیوں کو آرام دے سکتے تھے، لیکن بڑی ٹیم کے خلاف کارکردگی سے کھلاڑیوں میں اعتماد آتا ہے، ان حالات میں ان کھلاڑیوں کو آرام دینے کی کوئی ضرورت نہیں تھی ابھی تو ان کھلاڑیوں نے کرکٹ شروع کی ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ انگلش کنڈیشن میں ہمارے باﺅلرز کی پیس کم ہے، وہاں ہماری بیٹنگ لائن کی کارکردگی اہم ہوگی لیکن مکی آرتھر ڈریسنگ روم میں اپنے آپ کو ریلکس رکھے تو بہتر ہے۔


سٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ ابھی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا ارادہ نہیں ہے، کراچی میں میچ کے بعد تماشائیوں کا اس لیے شکریہ ادا کیا کہ شائقین غیر اہم میچ میں اتنی بڑی تعداد میں آئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ کوئی غیر ملکی آئے یا نہیں ہوم سیریز اور پاکستان سپرلیگ کراچی میں کرائے۔


شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمارے لوگ امن پسند ہیں۔ آئندہ پی ایس ایل کے میچ پورے ملک میں کرانے چاہئیں۔ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ کراچی، پشاور اور ملتان کی نمائندگی کی، آئندہ سال کھیلنے کا انحصار ملتان کی ٹیم پر ہے کہ وہ مجھے لیتے ہیں یا نہیں۔جارحانہ بلے باز نے کہا کہ پی ایس ایل میں میری اور پوری ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی نہیں رہی ہے، شکست کی کئی وجوہات تھیں، شعیب ملک پاکستان کا زبردست کھلاڑی ہے اس کی قائدانہ صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں ہے۔