نیب زدہ لوگوں کے ملنے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، شیخ رشید

 نیب زدہ لوگوں کے ملنے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، شیخ رشید
کیپشن: ایل این جی کیس میں نیب میں پیش ہونے جا رہا ہوں، شیخ رشید۔۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 1700 کلو میٹر ٹریک پر نئی پٹڑی ڈال رہے ہیں جب کہ نالہ لئی ہمارا اہم پروجیکٹ ہے جس کا ڈیزائن بھی منتخب کر لیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں ایک نرسنگ اسپتال، کالج اور اسکول بنایا جائے گا جبکہ ایسے حکمران برسراقتدار آئے جنہوں نے شہر کے ساتھ ظلم کیا تاہم نالہ لئی بہت بڑا پروجیکٹ ہے جو شہر کا نقشہ بدل دے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ نالہ لئی پروجیکٹ کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے جب کہ ایم ایل ون پر ٹرینوں کی رفتار 160 کلو میٹر فی گھنٹا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل این جی کیس میں نیب میں پیش ہونے جا رہا ہوں.

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو نیب زدہ لوگوں کے ملنے سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ قوم کو کہا تھا کہ نواز شریف کا علاج لال حویلی میں ہے جبکہ شہباز شریف کنگ سائز لوٹے ہیں اور وکٹ کے دونوں جانب کھیلتے ہیں انہوں نے اپنی جگاڑ لگا لی ہے اور بلاول بھی نواز شریف سے راستہ پوچھنے جیل گئے تھے۔