خیبرپختونخوا میں ضم اضلاع کی ترقی کیلئے 100 ارب کی امداد فائلوں تک ہی محدود

خیبرپختونخوا میں ضم اضلاع کی ترقی کیلئے 100 ارب کی امداد فائلوں تک ہی محدود
کیپشن: image by facebook

پشاور : خیبر پختونخوا میں ضم قبائلی اضلاع کی ترقی کے لئے 100 ارب روپے کا خصوصی پیکیج وفاقی حکومت کی فائلوں  تک ہی محدود ہو کر رہ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سات قبائلی اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری کو 8 ماہ گزر گئے ، افسر شاہی فنڈز کا محض 15 فیصد ہی خرچ کرسکی۔

وفاقی حکومت نے  قبائلی عوام کی ترقی کے لئے دس سال تک سالانہ  100 ارب روپے خرچ کرنے کا وعدہ کیا لیکن قومی مالیاتی ایوارڈ کا انعقاد نہ ہونے کے باعث خصوصی پیکیج فائلوں تک محدود رہا۔

وزارت ترقی و منصوبہ بندی قبائلی اضلاع کے لئے سالانہ 20 ارب 40 کروڑ کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے چکی ہے ، 8 ماہ گزر جانے کے باوجود ترقیاتی فنڈز کے محض 3 ارب 5 کروڑ ہی خرچ کیے جا سکے۔

رواں سال وفاقی حکومت نے 100ارب روپے کے خصوصی پیکیج کے علاو 10 ارب روپے کی سالانہ گرانٹ کی منظوری دی تھی مگر ایک پائی بھی جاری نہ ہوئی ۔