پی ایس ایل میچز میں شائقین کی انٹری بند

پی ایس ایل میچز میں شائقین کی انٹری بند

کراچی: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پالیسی فیصلہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات کے علاوہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل کے تمام میچ تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک بہت خطرے کی کیفیت ہے کہ تماشائیوں کو میچز دیکھنے کیلئے ہجوم کی اجازت دی جائے اور ہم ہر ایک کو خطرہ میں نہیں ڈال سکتے لہذا میچ تماشائیوں کے بغیر ہی منعقد ہوں گے۔

انہوں نے یہ فیصلہ یہاں وزیراعلی ہائوس میں کوروناوائرس کے ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے لیا۔ کمشنر کراچی افتخار شاہلوانی نے وزیراعلی سندھ کی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسٹیڈیم میں سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیڈیم میں اتنے بڑے اجتماع کی اجازت دینا زیادہ خطرہ ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ایسے حالات میں پوری دنیا کے میچز بند دروازے والے اسٹیڈیمز میں ہو رہے ہیں یعنی بغیر تماشائیوں کے۔ انہوں نے کہا اسکو مدنظر رکھتے ہوئے میں یہ فیصلہ لے رہا ہوں کہ اگلے میچوں میں تماشائی کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور میچز بند دروازے والے اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ بڑی تعداد میں تماشائیوں اور ان کے فیملی کے افراد (رابطوں) کو خطرہ میں نہیں ڈال سکتے۔ انہوں نے کمشنر کو ہدایت کی کہ میچز کا انعقاد بغیر تماشائیوں کے کیا جائے ۔ وزیراعلی سندھ نے کمشنر افتخار شاہلوانی کو ہدایت کی کہ وہ اس فیصلہ کے بارے میں پی سی بی حکام کو آگاہ کریں۔ کمشنر نے اپنے موبائل فون پر پی سی بی حکام کو آگاہ کیا اور انہوں نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کیا۔