کورونا کی تیسری لہر،شرح 6.5 تک پہنچ گئی، مزید 54 جاں بحق ،2701 نئے مریض 

کورونا کی تیسری لہر،شرح 6.5 تک پہنچ گئی، مزید 54 جاں بحق ،2701 نئے مریض 
کیپشن: کورونا کی تیسری لہر،کورونا کی شرح 6.5 تک پہنچ گئی، مزید 54 جاں بحق ،2701 نئے مریض 
سورس: file

اسلام آباد :  نیشنل کمانڈ و آپریشن سنٹرنے کورونا کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر آگئی ہے۔24  گھنٹے میں ملک میں کورونا کے مزید 54 مریض جاں بحق ہوگئے۔ ملک بھر میں کورونا سے 13,430موات ہو چکی ہیں۔

این سی او سی کے مطابق  24 گھنٹوں میں ملک میں 2,701 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ملک میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد بڑھ کر 18,703 ہوگئی ہے۔ 600,198مصدقہ کورونا کیس سامنے آ چکے ہیں

این سی او سی کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں ملک بھرمیں41,133 ٹیسٹ کئے گئے۔ ملک بھر میں کورونا کے 5 لاکھ 68 ہزار 65مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کی شرح دوبارہ 6.5 تک پہنچ گئی۔

کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر این سی او سی نے اہم فیصلے کیے ہیں۔ سوموار سے مختلف شہروں میں تعلیمی ادارے بند کرنے کے ساتھ ساتھ تجارتی مراکز بھی رات دس بجے تک بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سینیما ہالز اور مزارات کو جو 15 مارچ سے کھلنے تھے ان کو بھی تاحکم ثانی بند کردیا گیا۔ 

گزشتہ روز وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا  کہ لاہور، جہلم، اوکاڑہ اور گجرات میں 70 فیصد کورونا وائرس برطانوی طرز کا ہے، ان چاروں اضلاع کے رہائشیوں کی بڑی تعداد کا برطانیہ سے آنا جانا بہت زیادہ ہے جبکہ اس کی شدت تو ووہان وائرس جیسی ہی ہے مگر یہ اس کی نسبت زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔ 

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں 41 مقامات پر سمارٹ اور 4 ہزار مقامات پر مائیکروسمارٹ لاک ڈاؤن ہے جبکہ لاہور میں 17 اور پورے پنجاب میں کورونا کے 36 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔پنجاب میں 34 لاکھ اور تعلیمی اداروں میں ایک لاکھ 87 ہزار ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جبکہ لاہور میں کورونا کے 8 فیصد کیسز کی وجہ سے سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ تفریحی پارکس شام 6 بجے بند کر دئیے جائیں گے اور دفاتر کے 50 فیصد ملازمین بھی گھروں سے کام کریں گے جبکہ سینما گھر اور مزارات کھولنے کا فیصلہ بھی واپس لیا جا چکا ہے۔ قبل ازیں وزیر صحت پنجاب نے ایکسپو سینٹر لاہور میں قائم ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ بھی کیا جہاں سیکرٹری صحت نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ یہاں 4 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کر چکے ہیں۔