بلوچستان: کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے دھماکا، چھ مزدور جاں بحق

بلوچستان: کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے دھماکا، چھ مزدور جاں بحق
کیپشن: بلوچستان: کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے دھماکا، چھ مزدور جاں بحق
سورس: file

کوئٹہ: بلوچستان میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے 6 مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں۔افسوسناک واقعہ بلوچستان کے علاقے مارواڑ میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ کان میں گیس بھر جانے کی وجہ سے پیش آیا۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق مزدور کان میں اپنا کام کرنے میں مصروف تھے کہ اچانک زوردار دھماکے سے اس کا ایک حصہ بند ہو گیا اور آٹھ مزدور اس کے اندر پھنس گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو کا عمل شروع کیا۔ تاہم امدادی ٹیمیں 6 مزدروں کو زندہ نکالنے میں ناکام رہیں جبکہ دو کو بروقت ریسکیو کرکے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

اس افسوسناک حادثے میں اپنی جانیں گنوانے والے مزدوروں میں محمد رحیم، شفیق، عبدالرزاق، مدد علی، سردار ولی اور عبدالرحمان شامل ہیں۔ امدادی ٹیموں کے مطابق کان میں پھنسے مزدروں کی لاشیں اور دو زخمیوں کو ریسکیو کرنے کیلئے 15 گھنٹے کا طویل آپریشن کیا گیا۔

جاں بحق کان کنوں میں ایک مسلم باغ، ایک کوئٹہ جبکہ چار کا تعلق بلوچستان کے علاقے چمن سے تھا۔