ڈپٹی چیئرمین کی سیٹ پر حکومتی حمایت یافتہ امیدوار محمد مرزا آفریدی کامیاب

ڈپٹی چیئرمین کی سیٹ پر حکومتی حمایت یافتہ امیدوار محمد مرزا آفریدی کامیاب
کیپشن: ڈپٹی چیئرمین کی سیٹ پر حکومتی حمایت یافتہ امیدوار محمد مرزا آفریدی کامیاب
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: سینیٹ میں ڈپٹی چیئرمین کی سیٹ حکومت کے حمایت یافتہ محمد مرزا آفریدی نے جیت لیا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں ڈپٹی چیئر مین کا الیکشن ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان کی طرف سے نامزد کردہ امیدوار محمد مرزا آفریدی نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار مولانا عبد الغفور حیدری کو شکست دیدی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ الیکشن کے دوران 98 ووٹوں میں سے کوئی بھی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔ فاتح امیدوار محمد مرزا آفریدی نے 54 ووٹ حاصل کیے اور مولانا عبدالغفور حیدری نے 44 ووٹ حاصل کیے۔بعد ازاں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نومنتخب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے حلف لیا۔

خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے انہوں نے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست دی۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کو 48 جبکہ اپوزیشن امیدوار یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کئے۔ 98 سینیٹرز نے اپنا، اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد ووٹ کاسٹ کرنے ہی نہیں آئے۔ اراکین کی جانب سے بیلٹ پیپر پر غلط مہر لگانے کی وجہ سے 7 ووٹ مسترد ہوئے۔

پریزائنڈنگ افسر نے صادق سنجرانی کی جیت کا اعلان کیا تو اپوزیشن خصوصاً پیپلز پارٹی کی جانب سے اس پر احتجاج کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا کہ بلیٹ پیپر پر یہ کہیں نہیں لکھا کہ مہر کہاں لگائی جائے، امیدواروں کے نام کے اوپر مہر لگانے سے ووٹ مسترد کرنے کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔

حلف اٹھانے کے بعد صادق سنجرانی نے ایوان بالا میں چیئرمین کی نشست کو سنبھالا اور کہا کہ میں دوبارہ چیئرمین منتخب کرنے پر اپنے تمام اراکین، وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور خصوصاً پرویز خٹک صاحب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں تمام سینیٹرز کو یقین دلاتا ہوں کہ میں ہاؤس کو ساتھ لے کر چلوں گا۔