کرونا کی تیسری لہر ،حالات کشیدہ ،مارکیٹس ،سمیت دیگر عوامی اجتماعات پر نئی پابندیاں عائد 

کرونا کی تیسری لہر ،حالات کشیدہ ،مارکیٹس ،سمیت دیگر عوامی اجتماعات پر نئی پابندیاں عائد 

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزپر قابو پانے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں لاہور سمیت دیگر شہروں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور کوروناٹیسٹوں کی 5فیصد سے زائدپازیٹو شرح والے شہروں میں عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ لاہور سمیت مخصوص شہروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں ،جشن بہاراںاور دیگر عوامی اجتماعات پر 2ہفتے کی پابندی ہوگی۔شادی ہالز اورمارکیز میں شادیاں کرنے پربھی 2ہفتے کی پابندی ہوگی۔اجلاس میں مارکیٹس اور بازار مغرب تک بند کرنے کا فیصلہ کیاگیاتاہم دودھ ،دہی کی دوکانیں،میڈیکل سٹورز اورتندوروکو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

فیصلے کے مطابق ریسٹورنٹس سے صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی،اجلاس میں مزارات اورسینما ہال بھی دوہفتے کیلئے بند کرنے اورپارکس شام 6بجے بند کرنے کا فیصلہ کیاگیاجبکہ دفاتر میں 50فیصد سٹاف کے ساتھ کام کی اجازت ہوگی اور50فیصد سٹاف ورک ایٹ ہوم کرے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ خصوصاً میٹرو بس سروس اوراورنج لائن میٹروٹرین کیلئے مسافروں کی تعداد ایس او پیز کے مطابق محدود کی جائے گی،کوروناٹیسٹوں کی 5فیصد سے زائدپازیٹو شرح والے شہروں میں ان فیصلوںکا اطلاق اتوار سے ہوگا اوریہ پابندیاں اگلے دو ہفتے تک نافذ العمل رہیںگی۔

محکمہ پرائمری وسکینڈری ہیلتھ باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں پازیٹو کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے -کورونا پر قابوپانے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے-عوام کی صحت سب سے زیادہ مقدم ہے-عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ضروری فیصلے کئے گئے ہیں اورصورتحال کا جائزہ لے کر مزید اقدامات بھی کیے جاسکتے ہیں۔سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ نے کورونا کی تازہ ترین صورتحال اورویکسینیشن لگانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔