اب عدلیہ ہی تباہی سے بچا سکتی ہے، ہم عدالت جا رہے ہیں کہ ہمیں عدلیہ سے آر اوز چاہئیں: عمران خان

اب عدلیہ ہی تباہی سے بچا سکتی ہے، ہم عدالت جا رہے ہیں کہ ہمیں عدلیہ سے آر اوز چاہئیں: عمران خان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو دلدل سے نکالنے کیلئے انتخابات کے علاوہ اگر کوئی اور راستہ ہے تو بتا دیں، مجھے نظر آ رہا ہے کہ عدلیہ ہی صرف تباہی سے بچا سکتی ہے اور ہم عدالت کے پاس جا رہے ہیں کہ ہمیں عدلیہ سے آر اوز چاہئیں، گرفتاری کی صورت میں پلاننگ تیار ہے، وقت پر بتائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ ویسے تو ملکی مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں اگر الیکشن کے علاوہ بھی ملک کو دلدل سے نکالنے کا کوئی راستہ ہے تو وہ بتا دیں، صاف شفاف انتخابات کے علاوہ ملک کو دلدل سے نکالنے کا کوئی راستہ نہیں لیکن ان کا پلان تھا کہ ہم سب کو باہر کر کے الیکشن کراتے اور اب ان کا ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ کسی طرح الیکشن سے نکلو کیونکہ جام پور کے الیکشن سے ان کی کانپیں ٹانگنے لگیں۔ 
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں اس وقت خوف کا نظام قائم ہے، میں پوچھتا ہوں کہ کس نے فیصلہ کیا کہ عمران خان کو نہیں آنے دینا، ملک میں ایک ہی وفاقی پارٹی رہ گئی ہے ، آپ مجھے ختم کریں گے تو ملک کو اکٹھا کون کرے گا، اگر یہ ہم سے بہتر معیشت چلاتے تو میں چپ کر کے الیکشن کا انتظار کرتا لیکن یہ ملک کو مقروض کر کے پیسے باہر لے گئے، تو یہ ملک کیسے ٹھیک کر سکتے ہیں۔ 
عمران خان نے کہا کہ ملک میں کوئی قانون ہے یا ملکہ کے حکم پر چلنا ہے، میرا بھی لندن میں فلیٹ تھا اس پر نواز شریف مجھے عدالت لے گیا، میں نے اپنے فلیٹ سے متعلق ایک ایک دستاویز پیش کئے لیکن ان کے پاس جو غیر قانونی دولت ہے اس کا ابھی تک جواب نہیں دیا، جو ملک کا پیسے چوری کر کے باہر لے گئے وہ کیسے ملک ٹھیک کر سکتے ہیں، مجھے نظر آ رہا ہے کہ عدلیہ ہی صرف تباہی سے بچا سکتی ہے اور ہم عدالت کے پاس جا رہے ہیں کہ ہمیں عدلیہ سے آر اوز چاہئیں۔ 
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اختلاف کرتے ہیں تو اس کا مقصد یہ نہیں کہ ہم اداروں سے لڑائی کریں گے، آج جتنے لوگ تھے مجھے خوف ہوا کہ نکلے تو خون خرابہ ہو گا اس لئے میں نے ریلی ملتوی کر دی کیونکہ ظل شاہ کی موت کا لوگوں پر بہت اثر ہوا ہے، کارکنوں کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 صرف ہمارے لئے ہے؟ باقی تو تمام سرگرمیاں ہو رہی ہیں، مریم نواز کو جلسوں کی اجازت ہے ہمیں نہیں، کیا یہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا بیڑا غرق میری وجہ سے نہیں ہو رہا، اس نے اپنی بیٹی کو اوپر بٹھا دیا ہے اور (ن) لیگ کے پرانے لوگ اس خاتون سے آرڈر لیں گے جس نے ایک گھنٹہ کام نہیں کیا، وہ ہر دوسرے روز ایسی بات کر دیتی ہے جو ہمارا فائدہ کراتی ہے، امپائر کو ملا کر بھی میچ نہیں جیتا جا رہا اس لئے مجھے ہٹانے کی کوشش ہے، گرفتاری کی صورت میں پلاننگ تیار ہے، وقت پر بتائیں گے، ان چوروں سے کبھی مذاکرات کروں گا اور نہ ہاتھ ملاؤں گا۔ 

مصنف کے بارے میں