اٹھارویں ترمیم کو دفن کرنا پالیسی نہیں، شاہ محمود

اٹھارویں ترمیم کو دفن کرنا پالیسی نہیں، شاہ محمود
کیپشن: تاثر دیا جاتا ہے وبا کا حل لاک ڈاؤن ہے لیکن وبا کا اصل حل ویکسین ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد:  شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کو دفن کرنا پالیسی نہیں، حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں، آپ پریشان کیوں ہوتے ہیں، سندھ ایسے آرڈیننس لا رہا ہے جس کا اسے اختیار نہیں، سندھ جائیں گے اور لوہا منوائیں گے۔


 وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا یورپ، امریکا کی کیفیت سب کے سامنے ہے، پاکستان نے بھی اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے اور کریں گے، بحیثیت قوم اس وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہوں گے، کورونا سے متعلق پالیسی واضح ہے، کوئی ابہام نہیں، بحیثیت قوم ہم نے کورنا وبا کا مقابلہ کرنا ہے، تاثر دیا جاتا ہے وبا کا حل لاک ڈاؤن ہے، وبا کا اصل حل ویکسین ہے، لاک ڈاؤن نہیں، کب کورونا سے بچاؤ کی ویکسین تیار ہوگی کسی کو علم نہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا لاک ڈاؤن کورونا کا حل نہیں، آپ کی اطلاع کیلئے وزیراعظم اسلام آباد میں ہیں، وزیراعظم روزانہ کورونا پر میٹنگ کرتے ہیں، 9 سے 11 بجے روزانہ اجلاس ہوتا ہے، وزیراعلیٰ سندھ شریک ہوتے ہیں، جمہوریت میں پارلیمان کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، اسدعمر کے زیرصدارت اجلاس میں روزانہ سندھ کی بھی نمائندگی ہوتی ہے، یہ ایک نیشنل ایمرجنسی ہے، سب نے مل کر کام کرنا ہے۔