ترک پارلیمنٹ میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، اسرائیلی جارحیت کیخلاف قرارداد منظور

ترک پارلیمنٹ میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، اسرائیلی جارحیت کیخلاف قرارداد منظور

انقرہ : ترک پارلیمنٹ نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور فلسطینی شہروں میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد منظور کرلی ۔ عرب لیگ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔

ترک وزیرخارجہ نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کرکے صورتحال پر بات کی ہے ۔ ترکی میں ہزاروں افراد نے اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا اور غزہ پر بمباری کی شدید مذمت کی ۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے باعث 10 بچوں سمیت 35 فلسطینی شہید ، 700 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ میزائل حملے میں کثیر المنزلہ عمارت بھی گر گئی جس کے بعد اموات بڑھنے کا خدشہ ہے ۔

دوسری جانب حماس نے غزہ کے دفاع میں صیہونی شہروں پر راکٹ باری کی ہے ، ان میں سے بیشتر کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا ۔

راکٹ حملے میں مبینہ طور پر آئل ریفائنری اور ایئرپورٹ کو نقصان پہنچا ۔ حماس نے اسرائیلی حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام چھے بجے تک مسجد اقصیٰ سے اپنی فوج نکال لے ورنہ میزائل حملے کیلئے تیار رہے ۔

ادھر ، اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حماس نے برسوں میں پہلی مرتبہ مقبوضہ بیت المقدس پر راکٹ فائر کر کے حد پار کی ہے ۔ اس حملے کیلئے ہم حماس کو سبق سکھائیں گے ۔