مولانا فضل الرحمان کا فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر مظاہروں کا اعلان

مولانا فضل الرحمان کا فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر مظاہروں کا اعلان

اسلام آباد : مولانا فضل الرحمان نے فلسطینی عوام کے ساتھ  اظہار یکجہتی کے لیے عید کے بعد  ملک گیر مظاہروں کا اعلان کردیاہے ۔

تفصیلات کے مطابقسربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے فلسطینی عوام کے نام پیغام  میں کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل طور پر اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

جے یو آئی پاکستان اور پاکستانی عوام اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، اسرائیل نے رمضان المبارک کی 27 ویں شب سمیت بابرکت ایام میں انسانیت سوز مظالم ڈھائے ہیں۔

  بیت المقدس پر اس وقت صیہونی درندوں نے حملہ کیا جب مسلمان نماز میں مشغول تھے،  بچوں، بزرگوں، جوانوں اور خواتین کی قربانیوں کے باوجود فلسطینی عوام نے بیت المقدس سے اپنا رشتہ برقرار رکھا جس پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اسرائیلی جارحیت اور ظلم پر خاموش رہنے والے مسلم ممالک دراصل اسرائیل کے ظلم کے حامی بن رہے ہیں۔ مسلم امہ کیوں خاموش ہے، او آئی سی کی خاموشی کیوں ہے؟

کیوں مظلوم مسلمانوں کی آواز نہیں سنی جارہی ،اقوام متحدہ نے کیوں آنکھیں بند کر رکھی ہیں؟ انسانی حقوق کے ادارے کیوں خاموش ہیں ؟،یہ تمام عالمی ادارے انسانی حقوق کے پاسبان نہیں یہ انسانی حقوق کو بیچنے والے ادارے بن چکے ہیں ۔

مولانا فضل الرحمن کا نماز عید و اجتماعات جمعہ میں بھی بھرپور آواز اٹھانے کا اعلان  کیا،مولانا فضل الرحمان کا عید کے بعد فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کردیا ۔
 مولانا فضل الرحمان نےپوری پاکستانی قوم اور امہ  سے  اپیل کی کہ وہ عید و نماز جمعہ کے اجتماعات میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے صدائے احتجاج بلند کریں۔