حکومت کا 30 سال اور زائد عمر افراد کی ویکسی نیشن کا فیصلہ، رجسٹریشن 16 مئی سے شروع ہو گی

حکومت کا 30 سال اور زائد عمر افراد کی ویکسی نیشن کا فیصلہ، رجسٹریشن 16 مئی سے شروع ہو گی
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: حکومت نے 30 سال اور اس سے زائد عمر افراد کی ویکسی نیشن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کی رجسٹریشن کا آغاز 16 مئی سے ہو گا جبکہ ویکسی نیشن کے آغاز کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ کورونا ویکسین کی فراہمی میں بہتری کیساتھ ہی ہم اہل افراد کی درجہ بندی میں بھی اضافہ کرتے جا رہے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ تازہ ترین فیصلے کے بعد اب 30 سال اور اس سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کا فیصلہ بھی کر لیا ہے جس کی رجسٹریشن کا آغاز 16 مئی سے ہو گا جبکہ ویکسین لگانے کے آغاز کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں 40 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو رجسٹریشن کے بعد کورونا کی ویکسین لگائی جارہی تھی اور این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں 18 لاکھ 59 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین کی ایک خوراک دی جاچکی ہے جبکہ 9 لاکھ 52 ہزار افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔