فیس بک کی جانب سے بانی فیس بک مردہ قرار

فیس بک کی جانب سے بانی فیس بک مردہ قرار

سان فرانسسکو : سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے بانی مارک زکربرگ سمیت دیگر متعدد صارفین کو مردہ قرار دے دیا تاہم اس خوفناک غلطی کا احساس ہوتے ہی اسے درست کرلیا گیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فیس بک کے ترجمان نے بتایا کہ وفات پاجانے والے افراد کی پروفائل کے لیے مخصوص پیغام بہت مختصر وقت کے لیے دیگر فیس بک اکاؤنٹس پر پوسٹ ہوگیا۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک خوفناک غلطی تھی۔ جسے اب درست کرلیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس طرح کے تقریباً 2 ارب پیغامات پروفائل پیجز پر شیئر ہوئے تھے۔دلچسپ بات یہ کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی پروفائل پربھی یہ پیغام پوسٹ ہوگیا۔ جس میں لوگوں سے کہا گیا کہ جو لوگ ان سے محبت کرتے ہیں۔ انھیں دیگر لوگوں کی جانب سے خراج عقیدت کے طور پر کی گئی پوسٹس کو دیکھ کر سکون ملے گا۔ایک صارف نے روتے ہوئے ایموجیز کے ساتھ لکھا، بدقسمت مارک، ایک اچھے انسان کے ساتھ یہ نہیں ہوسکتا۔کچھ لوگوں نے اسے تکنیکی خرابی کے بجائے پروموشن بھی تصور کیا، تاہم بعدازاں فیس بک نے اس غلطی پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اس نے جلد از جلد اس مسئلے کو درست کرنے کے لیے کام کیا۔